سعودی عرب: شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والی خاتون کو قانونی کارروائی کا خطرہ

1 تعبيرية پیر 10 اگست‬‮ 0202 - (صبح 7 بجکر 9 منٹ)

شیئر کریں:

سعودی عرب: شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے والی خاتون کو قانونی کارروائی کا خطرہ ریاض: سعودی عرب میں ایک خاتون نے 9 ماہ تک اپنے شوہر کے واٹس ایپ پیغامات کی نگرانی کرنے کے بعد اس سے طلاق کا مطالبہ کردیا، قانونی مشیروں کے مطابق بیوی کی حرکت قابل گرفت ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔

خاتون خاوند کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی کاپی کر کے 9 ماہ تک اس کی نگرانی کرتی رہیں اور پھر شوہر سے علیحدگی کی درخواست دائر کردی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بیوی کو شبہ ہوگیا تھا کہ شوہر اسے دھوکہ دے رہا ہے، شبہ دور کرنے کے لیے وہ مسلسل 9 ماہ تک ان کے تمام واٹس ایپ پیغامات کا جائزہ لیتی رہی اور پھر علیحدگی اور طلاق کی درخواست کردی۔

شوہر نے تنازعہ سے بچنے کے لیے مصالحت کی پیشکش کی ہے۔

قانونی مشیر خالد ابو راشد نے واٹس ایپ کی کاپی کر کے اس کی نگرانی کی قانونی حیثیت پر قانونی رائے دیتے ہوئے کہا کہ خاتون نے جو کچھ کیا وہ قانون کی نظر میں جرم ہے، یہ انفارمیشن کرائم کے دائرے میں آتا ہے جس کی سزا ایک برس قید اور 5 لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔

ابو راشد نے کہا کہ شوہر، بیوی، باپ یا بھائی کوئی بھی کسی کے بھی موبائل کو ہیک کرنے کا مجاز نہیں۔ ایسا کرنا قانوناً جرم ہے۔

ان کے مطابق اس سلسلے میں خاندانی تعلقات کو بھی مدنظر نہیں رکھا جاتا، خاندان کا کوئی بھی فرد کسی بھی فرد کے موبائل کو ہیک کرنے یا اس میں مذکور معلومات حاصل کرنے کا مجاز نہیں ہے۔