ایک کروڑ نوکریاں دینے پر بیان ، فواد چوہدری نے وضاحت کردی

1 تعبيرية بدھ 16 اکتوبر‬‮ 9102 - (دوپہر 21 بجکر 01 منٹ)

شیئر کریں:

ایک کروڑ نوکریاں دینے پر بیان ، فواد چوہدری نے وضاحت کردی اسلام آباد :وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ملازمتوں سے متعلق بیان کوغلط تناظرمیں پیش کیاگیا ، پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا تھا ، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ سرکاری نوکریاں دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ملازمتوں سے متعلق بیان کوغلط تناظرمیں پیش کیاگیا، میں نے کہا تھا سرکاری ملازمتوں کی فراہمی مستقل معاشی حل نہیں، میرا مدعایہ تھا اور آج بھی اس پرقائم ہوں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا تھا ، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ سرکاری نوکریاں دیں گے، حکومت کا کام ایسے مواقع پیدا کرنا ہے کہ ملازمتیں پیدا ہوں۔

فواد چوہدری نے کہا ملک میں ملازمتوں پرحکومتی ورک فورس کاتناسب صرف6فیصدہے، 94فیصد ملازمتیں پرائیویٹ سیکٹرکی ہیں، چھ فیصد کو دگنا بھی کر دیں تب بھی روزگارکا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں : نوکریوں سے متعلق سرخیوں پر فواد چوہدری کا اظہار حیرت

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایسا کیا بھی جائے تو معیشت کیساتھ حکومتی ادارےبھی بیٹھ جائیں گے، بے دریغ ملازمتیں دے کر اداروں کو دیوالیہ کرنا پی پی اور ن لیگ کاوطیرہ تھا، میرٹ کیخلاف لوگ بھرتی کرنے سے اداروں، معیشت کو نقصان ہوا۔

انھوں نے مزید کہا معاشی ترقی مقصود ہے تو پرائیویٹ سیکٹر کومضبوط کرنا ہوگا ، جامع معاشی حکمت عملی سے ہی مسائل کاحل ممکن ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حیران ہوں ہر بیان کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے، حکومت نوکریوں کے لیے صرف ماحول بناتی ہے، ’میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں۔‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا سرکاری نوکری ڈھونڈنا ممکن نہیں ہے، ملک میں معیشت بہتر ہو تو نجی شعبہ نوکریاں فراہم کرتا ہے اور ملک میں بے روزگاری میں کمی آتی ہے۔