ای سی ایل پر حکومت کی مشروط اجازت خلاف قانون تھی، احسن اقبال

1 تعبيرية جمعہ 15 نومبر‬‮ 9102 - (دوپہر 1 بجکر 04 منٹ)

شیئر کریں:

ای سی ایل پر حکومت کی مشروط اجازت خلاف قانون تھی، احسن اقبال لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کے معاملے پر ای سی ایل پر حخومت کی مشروط اجازت خلاف قانون تھی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام قانونی ماہرین نے یہی کہا تھا کہ حکومت نے بانڈز کی غیرقانونی شرط لگائی ہے، کبھی اس طرح کی شرائط نامے لگانے کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عدالت کا شکر گزار ہوں انہوں نے اس مسئلے کی سنگینی کو سمجھا ہے، لاہور ہائیکورٹ میں کل کیس کی سماعت مقرر کی ہے، امید ہے نام ہٹانے کے ساتھ غیرقانونی شرط سے ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نواز شریف کی زندگی سے دلچسپی نہیں رکھتی ہے، حکومت صرف اپنے بیانیے سے دلچسپی رکھتی ہے، اللہ نواز شریف کو صحت دے اور وہ پاکستان واپس آئیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ پاکستان پر دگنا ہوگیا ہے، لوگوں کو گمراہ نہ کریں سیاست کو انسانیت سے جدا نہ کریں، ہمیں اپنے ملک میں سیاست کرنی ہے ہم سب پاکستانی ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق وفاق کی درخواست مسترد کردی تھی۔

نواز شریف کی درخواست پر وفاقی حکومت اورنیب نے جواب جمع کرادیا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق چوہدری نے وفاقی حکومت کا جواب پیش کیا، وفاقی حکومت کا جواب 45 صفحات اور نیب کا جواب 4 صفحات پر مشتمل تھا۔