امیروں کیلئےکالادھن سفیدکرنےکی ایک اوراسکیم کااعلان آج متوقع

1 تعبيرية جمعرات 5 اپریل‬‮ 8102 - (دوپہر 2 بجکر 7 منٹ)

شیئر کریں:

امیروں کیلئےکالادھن سفیدکرنےکی ایک اوراسکیم کااعلان آج متوقع اسلام آباد :  وزیراعظم شاہد خاقان  عباسی امیروں کے لئے کالا دھن سفید کرنے کی ایک اور ایمنسٹی اسکیم کا اعلان آج کریں گے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملک اور بیرون ملک چھپائے گئے دونوں طرح کے اثاثوں کیلئے ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق امیروں کیلئے کالا دھن سفید کرنے کی ایک اور اسکیم کا اعلان آج متوقع ہے، خفیہ اثاثے ظاہر کرنے کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان وزیر اعظم کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس آج ہوگا، اکنامک ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا حتمی جائزہ لیا جائے گا۔

دو روز قبل ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر عدالت کی طرف سے گورنر اسٹیٹ بینک کی سربراہی میں بنائی گئی خصوصی کمیٹی نے بھی اپنی رپورٹ جمع کرادی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم ملک اور بیرون ملک چھپائے گئے دونوں طرح کے اثاثوں کیلئے ہوگی، بیرون ملک چھپائے گئے اثاثے 5فیصد ٹیکس دے کر قانونی کرائے جاسکیں گے اور ملک میں چھپائے گئے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے بھی 5فیصد ٹیکس دے کرقانونی ہوسکیں گے جبکہ چھپائے گئے نقد اثاثے بھی 5فیصد ٹیکس دیکر قانونی کرائے جاسکیں گے۔

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے خدوخال کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اب کوئی بھی شخص بغیر این ٹی این کے فاریکس اکاونٹ نہیں کھول سکے گاجبکہ 1 لاکھ ڈالرسالانہ ترسیلات زر وصول کرنیوالوں کو ذرائع بتانا ہوں گے۔

اسی طرح گاڑیوں کی درآمد کیلئے گفٹ اسکیم رجیم ختم کردی جائے گی، کوئی بھی شخص پراپر بینک ٹرانسفر کے ذریعے ٹیکس ادا کرکے گاڑی منگوا سکے گا۔

دوسری جانب یکم جولائی 2018سے پراپرٹی کی ویلیو میں بھی اضافہ متوقع ہے۔