وکلاء نے کل ملک بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کردیا

1 تعبيرية جمعرات 12 دسمبر‬‮ 9102 - (سپہر 4 بجکر 02 منٹ)

شیئر کریں:

وکلاء نے کل ملک بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کردیا لاہور: وکلاء کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گرفتار وکلاء پر تشدد اور گھروں پر چھاپوں کے خلاف کل ملک بھر کی عدالتوں کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

وکلاء کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لاہور ہائیکورٹ بار میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا ہے، لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر حفیظ الرحمن چودھری اور وکیل رہنماء احسن بھون نے کہا کہ پی آئی سی واقعہ پر شرمندہ ہیں اور پوری قوم سے معافی مانگ چکے ہیں، معاملے کو ختم کرنے کی بجائے جان بوجھ کر طول دیا گیا، پولیس نے غیر قانونی طور پر گرفتار وکلاء کو ساری رات تشدد کا نشانہ بنایا اور انکے ساتھ دہشتگردوں والا سلوک کیا گیا جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

وکیل رہنماء احسن بھون نے کہا کہ وکلاء نے عدلیہ کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے، نامزد چیف جسٹس سے وکلاء کی رہائی کیلئے بار بار ملے مگر معاملہ حل نہیں ہوا، اب کسی چیف جسٹس سے بھیک مانگنے نہیں جائیں گے، اب قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لگتا ہے کہ عدلیہ نے خود کو حکومت کیساتھ نتھی کرنا مناسب سمجھا ہے، ججز نے وکلاء کی درخواست پر نوٹس تک کرنا گوارا نہیں کیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ گرفتار وکلاء کو فوری رہا کیا جائے، گرفتار وکلاء پر تشدد کیخلاف کل ملک بھر کی عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا، ہمارا پر امن احتجاج کو کسی طالع آزما نے روکنے یا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی تو وکلاء نمٹ لیں گے۔