سعودی عرب، صنعتی اداروں سے وابستہ غیرملکیوں کے لیے خوشخبری

1 تعبيرية ہفتہ 14 دسمبر‬‮ 9102 - (شام 6 بجکر 8 منٹ)

شیئر کریں:

سعودی عرب، صنعتی اداروں سے وابستہ غیرملکیوں کے لیے خوشخبری ریاض: سعودی عرب میں صنعتی اداروں میں غیرملکیوں پر عائد فیس میں نرمی کے بعد مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہونا شروع ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صنعتی اداروں کی صورت حال میں بہتری کے حوالے سے وزیر صنعت انجینئر بندر الخریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران تین ہزار سے زائد نوجوانوں کو صنعتی اداروں میں روزگار ملے گا۔

وزیر صنعت کا کہنا ہے کہ صنعتوں کا قیام مثبت پیش رفت ہے جس کے بہتر اثرات جلد مرتب ہونا شروع ہوں گے، سرمایہ کاری میں اضافے سے جہاں مقامی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آتے ہیں وہیں ملک صنعتی شعبے میں بھی ترقی کرتا ہے، ہماری کوشش ہے کہ مملکت میں صنعتی شعبے کو مزید مستحکم کیا جائے جس کے لیے کوشاں ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی کابینہ نے اکتوبر میں چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے وہاں کام کرنے والے غیرملکی کارکنوں پر عائد فیس میں پانچ برس تک چھوٹ دیتے ہوئے رقم حکومتی خزانے سے ادا کرنے کے قانون کی منظوری دی تھی۔

کابینہ کے اس فیصلے سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور چھوٹی صنعتوں میں لوگوں نے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنا شروع کی جس کی وجہ سے گزشتہ 2 ماہ کے اندر 124 چھوٹی صنعتیں قائم ہوئیں جہاں 3 ہزار سے زائد نوجوانوں کو روزگار میسر آیا ہے۔