قطر: سعودی فرمانروا استقبالیہ تقریب میں عرضہ رقص پر جھوم اٹھے

55 تعبيرية پیر 5 دسمبر‬‮ 6102 - (شام 7 بجکر 63 منٹ)

شیئر کریں:

قطر: سعودی فرمانروا استقبالیہ تقریب میں عرضہ رقص پر جھوم اٹھے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اپنے پہلے خلیجی دورے پر متحدہ عرب امارات کے بعد سوموار کی شام قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے۔ قطر پہنچنے پر سرکاری اور عوامی سطح پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شاہ سلمان کے تاریخی دورہ قطر کے موقع پر ثقافتی طائفے نے عرضہ رقص کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان بھی عرضہ پر جھوم اٹھے اور انہوں نے روایتی رقص میں بھرپور حصہ لیا۔ امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد کے پہلو میں کھڑے شاہ سلمان اپنی لاٹھی لہرا کر روایتی رقص کو داد تحسین پیش کرتے رہے۔ بعد ازاں انہوں نے دوحہ میں شاہی محل میں امیر قطر کے ساتھ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خیال رہے کہ شاہ سلمان اقتدار سنھبالنے کے بعد خلیجی ممالک کے پہلے دورے پر گذشتہ روز متحدہ عرب امارات پہنچے تھے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وہ اپنے دورے کے دوران قطر کے بعد بحرین اور کویت بھی جائیں گے۔ دوحہ میں شاہ سلمان اور امیر قطر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورت حال، علاقائی سلگتے مسائل اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں شاہ سلمان اپنے دورہ امارات کے اختتام سے قبل تاریخی شہر الشندغۃ میں بھی گئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دبئی میں میوزیم اور سنہ 1896ء میں بنائے گئے الشیخ سعید آل مکتوم ہاؤس کا بھی وزٹ کیا۔ متحدہ امارات کے دورے کے اختتام پر ’یو اے ائی‘ کے نائب ولی عہد اور حاکم دبئی الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابو ظہبی کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید آل نھیان نے شاہ سلمان کو الوداع کیا۔