ادارے اپنا انجن، تیل اور ٹرین لائیں ہمیں کرایہ دیں اور چلائیں، شیخ رشید

1 تعبيرية پیر 21 اکتوبر‬‮ 9102 - (دوپہر 3 بجکر 84 منٹ)

شیئر کریں:

ادارے اپنا انجن، تیل اور ٹرین لائیں ہمیں کرایہ دیں اور چلائیں، شیخ رشید اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئی بھی ادارہ اپنا انجن، تیل اور ٹرین لائے ہمیں کرایہ دے اور چلائے، ملک خطرناک صورتحال میں ہے یہ دھرنے کا وقت نہیں، ریلوے پولیس کی تنخواہ ٹریفک پولیس کے برابر کردی ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کے لئے138 ٹرینیں چلارہے ہیں، کرپشن کا قلع قمع کرنے کے لئے آج سے وزارت ریلوے فری ٹریک پالیسی کااعلان کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ادارہ اپنا انجن، تیل اور ٹرین لائے ہمیں کرایہ دے اور چلائے، وزارت ریلوے مزید فریٹ اور مسافر ٹرینیں نہیں چلاسکتی۔ ریلوے ترقی کی جانب گامزن ہے، سات بڑے اسٹیشنز کا ٹینڈر کرنے جارہے ہیں، پانچ ٹرینیں ٹینڈر پر دے دی گئی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون منصوبے پر جلد سے جلد کام کا آغازکیا جائے گا، ایم ایل ون9 بلین ڈالر مالیت کا بڑا منصوبہ ہے، ایم ایل ون کے آنے سے تمام پھاٹک ختم ہوجائیں گے، ایم ایل ون چلی تو138 سے150 ٹرینیں چلانے کا وعدہ کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس کو50فیصد کم بنیادی تنخواہ ملی رہی تھی، ریلوے پولیس اپنی کارکردگی میں بہتری لائی ہے، اس لیے پولیس کی تنخواہ ٹریفک پولیس کے برابر کردی ہے۔

ایکنک سے منظوری کے بعد ریلوے میں ایک سے5اسکیل پر بھرتیاں کریں گے،10لاکھ درخواستیں جمع ہوچکی ہیں اب مزید درخواستیں نہیں لیں گے

آزادی مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے ابھی تک دھرنے کا فیصلہ نہیں کیا، سرحدوں پر صورتحال کشیدہ ہے، مودی پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ یہ وقت دھرنے کیلئے مناسب نہیں ہے۔ میں مولانافضل الرحمان سے توقع کرتا ہوں کہ وہ سنجیدگی کامظاہرہ کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جو عقل کے اندھے یہ سمجھتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ روایتی جنگ ہوگی،توپیں، ٹینک اور طیارے استعمال کئے جائیں گے تو ایسا نہیں ہوگا بلکہ یہ ایٹمی جنگ ہوگی، بھارت جس قسم کا اسلحہ استعمال کرے گا، اسی قسم کا ہم بھی کریں گے۔+