کورونا وائرس کے علاج کی دعویدار خاتون چینی سفارت خانے پہنچ گئی

1 تعبيرية جمعہ 21 فروری‬‮ 0202 - (صبح 7 بجکر 8 منٹ)

شیئر کریں:

کورونا وائرس کے علاج کی دعویدار خاتون چینی سفارت خانے پہنچ گئی کویت سٹی : ہلاکت خیز کورونا وائرس کا علاج فراہم کرنے کی دعویدار کویتی خاتون چینی سفارت خانے پہنچ گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خلیجی ملک کویت سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا اسٹار سلوی المطیری نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ مہلک ترین کورونا وائرس کا علاج کرسکتی ہیں لیکن اس کے بدلے انہوں نے بھاری رقم کا مطالبہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر کویتی خاتون کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ کویت میں واقع چینی سفارت خانے کے باہر کھڑے ہوکر کہتی نظر آرہی ہیں کہ ‘مہلک ترین وائرس کا علاج فراہم کرنے کے دعوے میں سچی ہوں اور کورونا وائرس کا علاج چینی حکام کے حوالے کروں گی’۔

کویتی خاتون سلویٰ المطیری سوشل میڈیا صارفین کے ان تبصروں کے بعد چینی سفارت خانے پہنچی ہیں جس میں صارفین کی جانب سے المطیری کو جھوٹا قرار دیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے کہا ‘مذکورہ خاتون صرف خود نمائی کررہی ہیں ان کے پاس کورونا وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے’۔

واضح رہے اس سے قبل معروف عالمی شہرت یافتہ فن کار جیکی چن نے کورونا کا علاج دریافت کرنے والے کے لیے ایک لاکھ 34 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا۔

خیال رہے کہ کویتی خاتون نے ہلاکت خیز کورونا وائرس کا موثر علاج بتانے کے بدلے 5 کھرب کا مطالبہ کیا تھا۔

سلوی المطیری نے ویڈیو کے دوران واضح کیا تھا کہ مجھے پیسوں کی کوئی کمی نہیں، میرے مالی حالات بہت اچھے اور میں پیشے کے لحاظ سے تاجر ہوں اسی لیے کسی بھی کام میں کسی کے تعاون کی ضرورت نہیں پڑتی۔