ہم کامیاب ہوگئے، فخر ہے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، نجم سیٹھی

243 تعبيرية پیر 19 مارچ‬‮ 8102 - (شام 6 بجکر 61 منٹ)

شیئر کریں:

ہم کامیاب ہوگئے، فخر ہے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، نجم سیٹھی لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہم کامیاب ہوگئے، فخر ہے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آرہے ہیں، شوشہ چھوڑا گیا کہ 3 سے 4 غیر ملکی کھلاڑی نہیں آرہے، ٹیموں کو بتایا تھا وہ غیر ملکی کھلاڑی لیں جو پاکستان آئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اسپورٹس روم‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، نجم سیٹھی نے کہا کہ کچھ لوگ ہیں جن کی منفی سوچ ہے، اچانک کوئی چیز نہیں ہوجاتی، وقت لگتا ہے تاریخ یہی بتاتی ہے، ایسے غیر ملکی کھلاڑی فراہم کئے ہیں جو آنے کو تیار ہیں، کنٹریکٹ میں شامل ہوتا ہے کہ کھلاڑی فائنل تک کھیلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چند پلیئرز پی ایس ایل سے پہلے ہی پاکستان میں کھیلنے سے انکاری تھے، اگر کھلاڑی کہے وہ انجرڈ ہے، کھیلنا نہیں چاہتا تو زبردستی نہیں کی جاسکتی، انجری کے پیش نظر کھلاڑیوں کو نہ آنے کی اجازت ہوتی ہے، فرنچائز پاکستان آنے پر تیار ہیں غیر ملکی کھلاڑی ٹیم میں لیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کراچی میں انٹرنیشنل میچ کرانے کا سہرا سب کو جائے گا، سندھ حکومت، نیسپاک، سیکیورٹی اداروں نے بھرپور تعاون کیا، پی ایس ایل کے غیر ملکی کھلاڑیوں کو ریڈ کارپٹ استقبالیہ دیں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کو بطور مہمان خصوصی میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے، چیف جسٹس کو چیف گیسٹ کی درخواست کا خط کل تک مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ تو یہ کہتے تھے کہ گراؤنڈ کیسے ٹھیک ہوگا، میچ کیسے ہوگا؟ تمام مشکلات کے باوجود سب کے تعاون سے میچ ہونے جارہا ہے، منفی سوچ پر دھیان نہیں دینا مثبت طور پر آگے بڑھنا ہے۔