ٹرمپ کی منشیات فروشوں کو سزائے موت دینے کی تیاری

3 تعبيرية پیر 19 مارچ‬‮ 8102 - (رات 9 بجکر 75 منٹ)

شیئر کریں:

ٹرمپ کی منشیات فروشوں کو سزائے موت دینے کی تیاری واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نشہ آور اشیاء اور ان ادویات کی روک تھام کے لیے منصوبہ تیار کیا ہے، جس میں سزائے موت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ کے اس منصوبے کے تحت محکمہ انصاف کی کوشش ہوگی کہ منشیات فروشی کا کاروبار کرنے والوں کے لیے سزائے موت کو بحال کرایا جائے کیونکہ موجودہ قانون اس کی اجازت دیتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ ایسے منشیات فروشوں کو بھی سخت سزائیں دی جائیں جن کے پاس سے کم مقدار میں نشہ آور اشیاء برآمد ہوں، اگلے تین برسوں میں ایسی ادویات میں بھی کمی کی جائے گی جن میں افیون ملائی جاتی ہے۔

حالیہ برسوں کے دوران امریکا میں ہیروئن اور منشیات کے استعمال کے سبب اموات میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے، امریکی سیاست دانوں کی ایک بڑی تعداد اموات میں اضافے کی ذمہ دار ادویات بنانے والی کمپنیوں کو ٹھہراتی ہے۔

امریکی سیاست دانوں کا موقف ہے کہ دوا ساز ادارے مریض کو درد کے خاتمے کے لیے ادویات میں افیون اور دیگر نشہ آور چیز ملاتے ہیں جس کی وجہ سے مریض ان کا عادی ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں امریکا میں افیون کا بحران پیدا ہوگیا تھا، جس کے بعد ٹرمپ کو طبی شعبے میں ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کرنا پڑا تھا، امریکا میں تقریباً ڈھائی ملین افراد اس طرح کی ادویات استعمال کرنے کے عادی بتائے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس صورتحال سے امریکا کی ریاست نیو ہمپشائر سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے اور ٹرمپ اسی ریاست میں اپنے منصوبے کا اعلان کریں گے۔