گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان انعام بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

1 تعبيرية بدھ 16 اکتوبر‬‮ 9102 - (دوپہر 1 بجکر 0 منٹ)

شیئر کریں:

گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان انعام بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال لاہور: دوحہ ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی پہلوان انعام بٹ وطن واپس پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ بیچ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والے پہلوان انعام بٹ کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔

لاہور ایئرپورٹ پر پاکستانی پہلوان کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

انعام بٹ نے اپنا تمغہ کشمیری بہن بھائیوں کے نام کردیا ساتھ ہی ریسلنگ پر عدم توجہ پر حکومت اور فیڈریشن کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنا میڈل کشمیری عوام کے نام کرتا ہوں، کشمیری بہن بھائیوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ریسلنگ میں 70 میڈلز حاصل کیے لیکن اسکے باوجود ریسلنگ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اگر حکومت ریسلنگ فیڈریشن اور اسپورٹس بورڈ پنجاب پر توجہ دے تو کئی انعام بٹ پیدا ہوسکتے ہیں۔

انعام بٹ نے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ بھیجنے اور قومی کرکٹرز وہاب ریاض، شعیب ملک کی جانب سے ٹویٹ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستانی پہلوان انعام بٹ نے دوحہ میں ورلڈ بیچ ریسلنگ میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

انعام بٹ نے فائنل میں جارجیا کے ریسلر داتو مارسا گیشولی کو 2-5 سے شکست دی تھی۔ جیت کے بعد پاکستانی پہلوان نے قومی پرچم لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا تھا۔