امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

1 تعبيرية ہفتہ 31 اکتوبر‬‮ 0202 - (شام 6 بجکر 24 منٹ)

شیئر کریں:

امریکا میں ٹک ٹاک صارفین کے لئے بڑی خوشخبری نیویارک: امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹک ٹاک پر 12 نومبر سے پابندی کے ایگزیکٹو آرڈر پر حکم امتناع دے دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست پنسلوانیا کی مقامی عدالت نے کامرس ڈپارٹمنٹ کے 12 نومبر کو ٹک ٹاک پر پابندی کے احکامات کو معطل کردیا ہے، عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں محکمہ کامرس کے ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق اٹھائے جانے والے ہر طرح کے احکامات کو معطل کیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر پابندی سے امریکا کے 10 کروڑ سے زائد صارفین متاثر ہوں گے، جو مذکورہ ایپ کو یومیہ بنیادوں پر استعمال کرتے ہیں، عدالتی فیصلے پر فوری طور پر محکمہ کامرس اور امریکی حکومت نے کوئی رد عمل نہیں دیا۔

ٹک ٹاک کی امریکا میں پابندی سے متعلق کیس کا حتمی فیصلہ بھی امریکی انتخابات کے بعد سنائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 ستمبر کو اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے ایک حکم نامے پر دستخط کیے تھے جس میں اگلے روز سے ہی ٹک ٹاک ڈاؤن لوڈ کرنے اور 12 نومبر سے اس کے استعمال پر مکمل پابندی شامل تھی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا تھا کہ چین ٹک ٹاک کے ذریعے جاسوسی کر سکتا ہے جبکہ نومبر 2019 میں امریکا نے جاسوسی کے خطرے کے پیش نظر اپنے فوجیوں کو ٹک ٹاک کے استعمال سے روک دیا تھا۔