بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کرلیں

1 تعبيرية جمعرات 21 جنوری‬‮ 1202 - (دوپہر 3 بجکر 84 منٹ)

شیئر کریں:

بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کرلیں ممبئی : اپنے متنازعہ بیانات کے حوالے سے مشہور بھارتی فلمی اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک بار پھر نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے سینئر فنکار کو اپنی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

کنگنا رناوت کبھی سوشانت سنگھ موت کے حوالے سے بالی ووڈ کی مشہور ہستیوں کو تنقید کا نشانہ بناتی ہوئی نظر آتی ہیں، تو کبھی مہاراشٹر حکومت کے خلاف نازیبا کلمات ادا کرتی ہوئی پائی گئی ہیں۔

اس بار انہوں نے ہدف تنقید بالی ووڈ کی مشہور و معروف ہستی اور نغمہ نگار جاوید اختر کو بنایا ہے، اداکارہ نے نازیبا الفاظ پر مبنی ٹوئٹ کیا ہے۔ تازہ ٹوئٹ میں انہوں نے مبینہ طور پر جاوید اختر کو بھیڑیا کہا ہے اور اس بدتمیزی پر سوشل میڈیا صارفین کنگنا رناوت سے ناراض بھی نظر آرہے ہیں۔

کنگنا رناوت نے اپنے ایک اور پیغام میں ممبئی پولیس کے ذریعہ تفتیش کے لیے نوٹس بھیجے جانے کی خبر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج مجھے ایک اور سمن جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سارے لکڑ بگھے ایک ساتھ آ جائیں اور مجھے جیل میں ڈال دیں۔ میرا استحصال کرو اورمزید500 کیس میرے اوپر لاد کر مجھے سلاخوں کے پیچھے کر دو، مر کر بھی میری راکھ یہی کہے گی کہ میں تم سب بھیڑیوں کو نہیں چھوڑوں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی پولیس کی جانب سے ایک ہتک عزت کیس میں تفتیش کے لیے کنگنا رناوت کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، نغمہ نگار جاوید اختر نے گزشتہ سال نومبر میں کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا اور اسی پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کنگنا نے ٹوئٹ کیا ہے۔

حالانکہ اس ٹوئٹ میں انہوں نے جاوید اختر کا نام نہیں لیا ہے لیکن ظاہر ہے کہ کیس جاوید اختر نے کیا ہے تو غصے کا اظہار بھی ان ہی پر کیا گیا ہے۔