کرونا ویکسین، ایڈیشنل آئی جی نے پولیس کو شہریوں کی گرفتاری سے روک دیا

1 تعبيرية جمعہ 24 ستمبر‬‮ 1202 - (شام 7 بجکر 25 منٹ)

شیئر کریں:

کرونا ویکسین، ایڈیشنل آئی جی نے پولیس کو شہریوں کی گرفتاری سے روک دیا کراچی پولیس کے ایڈیشنل آئی جی نے پولیس افسران کو شہریوں کو کرونا ایس او پیز کی وجہ سے گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سہراب گوٹھ پولیس کی جانب سے گزشتہ روز دو شہریوں کو ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا، علاوہ ازیں شہر بھر سے 38 شہریوں کو بھی خلاف ورزی کے نام پر گرفتار کیا گیا تھا۔

شہریوں کی گرفتاری پر سیاسی جماعتوں نے پولیس کے اس عمل کی مذمت کی اور ایسے اقدامات نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اب ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس نے پولیس کو راہ چلتےشہریوں کی گرفتاری سے روک دیا اور ہدایت کی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاری کے احکامات ریسٹورنٹ، ہوٹل، شادی ہالز اور نجی اجتماعات کے حوالے سے تھا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کی جانب سے پولیس کواحکامات جاری کیے گئے ہیں۔ جن میں کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن نہ لگوانے والے شہریوں کے ریسٹورنٹ، ہوٹل، شادی ہالز اور نجی تقاریب میں شرکت پر پابندی ہے۔

انہوں نے پولیس افسران کے لیے جاری پیغام میں کہا  کہ ’ آج دوپہر کو شہریوں کی گرفتاری کا علم ہوا، آپ عام عوام الناس کو اس طریقے سے گرفتار نہ کریں، کسی بھی کارروائی کے وقت مجسٹریٹ کو اپنے ہمراہ لے کر جائیں کیونکہ پولیس کا کام خوف پھیلانا نہیں بلکہ ایس او پیز پر عمل درآمد کروانا ہے۔