کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کون ہیں؟

1 تعبيرية جمعرات 8 دسمبر‬‮ 2202 - (صبح 11 بجکر 01 منٹ)

شیئر کریں:

کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کون ہیں؟ پاکستان ایڈمنسٹریٹر  سروس کے گریڈ بیس کے افسر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کردیا گیا ہے۔

وسیع تجربہ  رکھنے والے  افسرکی تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت اور اہم ذمہ داریوں پر رہتے ہوئے انہوں نے  کون سے اہم  کام خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔

ڈاکٹر سید سیف الرحمن پاکستان ایڈمنسٹریٹر سروس کے گریڈ بیس کے افسر ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ کے مختلف محکموں میں اہم عہدوں پر ذمہ داریاں انجام دیں۔  بلدیات  سے متعلق وسیع تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر سیف الرحمن  نے  محکمہ بلدیات میں  بھی اہم ذمہ داریاں  نبھائیں۔

ڈاکٹر سیف الرحمن نے 1996 میں  اپنے  پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا ۔وہ  دسمبر دوہزار بیس سے اب تک  گورنر سندھ  کے پرنسپل سیکریٹری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

اکتوبر سے دسمبر 2020  تک انہوں نے  سیکریٹری سروسز حکومت سندھ ، اپریل 2018 سے ستمبر 2020 تک میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی جبکہ  2019 میں  ڈی جی، کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی  تعینات رہے۔

انہوں نے 2017 میں بلوچستان کے ضلع ژوب میں ڈپٹی کمشنر کے علاوہ دیگر عہدوں پر بھی ذمہ داریاں نبھائی۔

ڈاکٹر سیف الرحمن نے 2012 میں  ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی  کراچی اور  2013 میں ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی کراچی کا اضافی چارج  سنبھالا۔ 2013 میں  ایڈمنسٹریٹر ضلع وسطی بھی رہے۔ ڈاکٹر سیف الرحمن نے  پروجیکٹ ڈائریکٹر لائنز ایریا ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ  کی ذمہ داری بھی نبھائی۔

ان اہم عہدوں پر رہتے ہوئے  انہوں نے کئی دشوار کام خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔لائنز ایریا کے ہزاروں مکینوں کی  منتقلی اور ایمپریس مارکیٹ سے مزار قائد تک  نئی گزرگاہ کی تعمیر، سپریم کورٹ کے احکامات پر  ایمپریس مارکیٹ، صدر، کھوڑی گارڈن، اولڈ سٹی، کراچی زو اور آرام باغ سے بیس سال پرانی  تجاوزات کا خاتمہ کیا۔

عدالتی حکم پر کڈنی ہل میں ساٹھ سال  پرانی تجاوزات کا خاتمہ اور اربن پارک کے قیام کا سہرا بھی ان کے سر جاتا ہے۔

کورونا وبا کے دوران عباسی شہید اسپتال میں  متعددی امراض کے علاج و تحقیق  کے مرکز کا قیام بھی انہیں کے ہاتھ  انجام پایا۔

ڈاکٹر سیف الرحمن نے  کولمبیا یونیورسٹی آف نیویارک سے  ماسٹر ان پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری حاصل کی۔ وہ  آغا خان یونیورسٹی سے ہیلتھ پالیسی اینڈ مینجمنٹ میں ماسٹرز ہیں۔

ڈاکٹر سیف الرحمن نےکراچی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ان پبلک ایڈمنسٹریشن کی ڈگری بھی لی۔  ان کے متعدد ریسرچ آرٹیکلز ملکی و غیرملکی جریدوں میں  شائع ہوچکے ہیں۔