کلاسز اور امتحانات سے متعلق جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کا اہم فیصلہ

1 تعبيرية جمعہ 5 جون‬‮ 0202 - (شام 7 بجکر 14 منٹ)

شیئر کریں:

کلاسز اور امتحانات سے متعلق جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کا اہم فیصلہ کراچی : جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل نے کرونا وائرس کے پیش نظر آن لائن کلاسز اور سیمسٹر امتحانات کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں روئسائے کلیہ جات سمیت 86 ممبران نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے درپیش صورتحال کے تناظر میں پیش کی جانے والی سفارشات کی منظوری دی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایچ ای سی کی ہدایت اور اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ کی ہر فیکلٹی سے 3 سے 5 اساتذہ کی بطور ماسٹر ٹرینر نشاندہی کرے گی جن کی ذمے اپنی فیکلٹی کے دیگر اساتذہ کی ٹریننگ ہوگا۔

اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رئیس کلیہ اپنی فیکلٹی سے ماسٹر ٹرینر نامزد کرینگے اور ان کی جانب سے دیگر اساتذہ کو فراہم کردہ تربیت کی بھی نگرانی کرینگے۔

روسائے کلیہ جات کے دفاتر اساتذہ کی معاونت کا مرکز ہونگے جبکہ رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان اساتذہ کو آن لائن کلاسز کے دوران سرقہ نویسی اور کاپی رائٹ کے مسائل پر رہنمائی فراہم کرینگے۔

تمام آن لائن کلاسز اور اسائنمنٹ کے جمع کرانے کا عمل منظور شدہ کورس آوٹ لائن کے مطابق 15 جولائی 2020 تک جاری رہے گا جبکہ لیب اور پریکٹیکل سیشن کے متبادل بھی آن لائن کلاس کا انعقاد کیا جاسکے گا۔

اساتذہ اپنے گھر سے آن لائن کلاسز کا انعقاد کرسکیں گے اور کسی پریشانی کی صورت میں وہ اپنے دفاتر،کلاس رومز یا رئیس کلیہ کے میٹنگ رومز کا استعمال کرسکیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر شعبہ 15 جولائی تک ایک شعبہ جاتی طلبہ جانچ کمیٹی قائم کرے گا۔

متعلقہ اداروں سے اجازت کے بعد،ان تمام طالب علموں جو آن لائن کلاسز لینے سے قاصر رہے کے لئے 16 جولائی تا 13 اگست کلاسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر کلاسز، لیب اور بقیہ لیکچرز کو بھی 40 منٹ پر مشتمل اسمارٹ کلاس کی صورت میں منعقد کردیا جائے گا۔تمام طلبہ کی آن لائن اسسمنٹ (جانچ)اور امتحانات کا عمل 17 سے 21 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا اور سیمسٹر امتحانات 22 اگست تا 12 ستمبر ہوں گے۔

دوسرے سیمسٹر 2020 کا تدریسی عمل 15 ستمبر سے 13 دسمبر تک جاری رہے گا، سیمسٹر امتحانات 14 دسمبر تا 31 دسمبر 2020 ہونگے۔