این اے 249: ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ

1 تعبيرية منگل 4 مئی‬‮ 1202 - (صبح 8 بجکر 13 منٹ)

شیئر کریں:

این اے 249: ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نون لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی جانب سے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمیشن کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی ، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سلمان اکرم راجہ اور پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دئیے، اس موقع پر حلقے سے کامیاب ہونے والے پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل اور نیئر بخاری بھی موجود تھے ۔

پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ن لیگ نے فارم 45 پراعتراض رات ڈھائی بجےہارنے کےبعدکیا،ن لیگ نےریٹرننگ افسر کا حکم چیلنج نہیں کیا، ریٹرننگ افسر نےقرار دیا کہ ن لیگ کی درخواست غیرمناسب ہے ٹھوس وجوہات نہ ہونے پر الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کاحکم نہیں دےسکتا۔

لطیف کھوسہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ کسی ایک پولنگ اسٹیشن سےدھاندلی کی ایک شکایت نہیں آئی، پولنگ کے روز حلقے میں سابق وزیراعظم ،سابق گورنر اور دیگرکی فوج ظفرموج موجود تھی، دوبارہ گنتی چاہتےہیں توٹھوس استدلال دیناہوگا۔

پی ایس پی کے وکیل کے دوران سماعت اپنے دلائل میں کہا کہ الیکشن کمیشن کیس کو پی پی اور ن لیگ تک محدود نہ رکھے،پیپلزپارٹی کراچی میں ایم کیو ایم بننے جا رہی ہے،دوبارہ گنتی کی درخواست کاحلقہ کے عوام کو فائدہ نہیں جس پر چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ فی الحال دوبارہ گنتی کی درخواست سن رہے ہیں، کوئی اور درخواست دینا چاہتے ہیں تو الگ سےدیں، آپ سنجیدہ ہوتے تو آج تک درخواست دے چکے ہوتے، ہم پہلے ہی واضح کرچکے کہ کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کریں گے۔

سماعت کے دوران کالعدم ٹی ایل پی کے نمائندے بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ ضمنی انتخاب کے روز پولنگ اسٹیشنز سے ہمارے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی باہر نکالا گیا، اس موقع پر کالعدم ٹی ایل پی نے گلی سے ملا ہوا بیلٹ پیپر الیکشن کمیشن میں پیش کیا۔

فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 249میں دوبارہ گنتی سے متعلق مفتاح اسماعیل درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے آج ہی سنایا جائے گا۔