پاکستان کی کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت

3 تعبيرية جمعرات 5 اپریل‬‮ 8102 - (دوپہر 1 بجکر 7 منٹ)

شیئر کریں:

پاکستان کی کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے کشمیر میں 20 سے زائد افراد کو شہید کیا، کشمیریوں کا حوصلہ توڑنے کے لیے نوجوانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارتی فوج نے 20 سے زائد افراد کو ظلم کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔ 300 نہتے کشمیریوں کو پانچ دن میں زخمی کیا گیا۔ بھارتی فوج نے متعدد افراد کو نابینا کردیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ظالمانہ اور بلا امتیاز قتل کی سخت مذمت کرتا ہے۔ بھارت کشمیریوں کا حوصلہ توڑنے کے لیے کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ وزیر اعظم نے آزاد جموں و کشمیر میں مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر خارجہ اور سیکریٹری خارجہ نے غیر ملکی مشنز کو کشمیر پر بریفنگ دی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی بھارت سے جامع مذاکرات سے انکار نہیں کیا۔ جامع مذاکرات سے انکار ہمیشہ بھارت نے کیا ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر کی بھارتی مشیر قومی سلامتی سے ملاقات ہوئی۔

فلسطین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے شدید قابل مذمت ہیں۔ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطینیوں پر طاقت کے استعمال سے روکے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی شہادتوں پر دلی دکھ ہے۔ اسرائیلی بربریت سے زخمی افراد کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ فلسطین کی آزاد اور خود مختار ریاست کے حامی ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ فلسطینی ریاست1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل ہو۔ مسئلہ فلسطین کا یہی حل دیرپا اور مستقل امن کا ضامن ہوگا۔

خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔