رمیز راجہ نے وسیم خان کے حوالے سے 2 ماہ کا وقت مانگ لیا

5 تعبيرية منگل 14 ستمبر‬‮ 1202 - (شام 6 بجکر 24 منٹ)

شیئر کریں:

رمیز راجہ نے وسیم خان کے حوالے سے 2 ماہ کا وقت مانگ لیا لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ دو ماہ میں متوقع ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی مدت میں توسیع کا امکان نہیں ہے، ان کی پی سی بی سے معاہدے کی مدت آئندہ سال کے اوائل میں ختم ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اور وسیم خان کے درمیان آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے وسیم خان کے حوالے سے دو ماہ کا وقت مانگا ہے، اس سے قبل رمیز راجہ نے پہلی پریس کانفرنس میں اپنے اہداف کے حصول کے لیے نئی ٹیم بنانے کا کہا تھا۔

واضح رہے کہ سابق کرکٹر رمیز راجہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے۔

رمیز راجہ ماضی میں بھی پی سی بی کے انتظامی امور میں شامل رہے ہیں، 2000 کے اوائل میں وہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا کے دور میں بورڈ کے ایڈوائزری کونسل کے رکن تھے۔

رمیز راجہ ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں، یہ عہدہ بعد میں چیف ایگزیکٹو (سی ای او) میں تبدیل ہوگیا تھا، وہ شہریار خان کے دور میں بھی سی ای او رہے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نومنتخب چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لیے سابق آسٹریلوی اوپنر میتھیو ہیڈن اور جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ورنن فلیندر کو قومی ٹیم کا بیٹنگ اور بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔