ہوا میں اڑتا ہوا گینڈا

57 تعبيرية اتوار 15 جنوری‬‮ 7102 - (صبح 7 بجکر 71 منٹ)

شیئر کریں:

ہوا میں اڑتا ہوا گینڈا کیا آپ نے کبھی کسی جانور کو ہوا میں اڑتے دیکھا ہے؟ اور جانور بھی کوئی اور نہیں بلکہ کئی من وزنی بھاری بھرکم گینڈا جسے حرکت کرنے میں ہی دقت کا سامنا ہوتا ہے، کجا کہ وہ پرندوں کی طرح ہوا میں پرواز کرے۔ مگر کچھ دن قبل ایسی ہی کچھ تصاویر نے انٹرنیٹ صارفین کو حیران پریشان کر کے رکھ دیا جس میں ایک گینڈا ہوا میں اڑتا ہوا نظر آرہا ہے۔ یہ گینڈا رسیوں سے بندھا ہوا ہے اور انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ ہوا میں تیرتا ہوا ندیوں، پہاڑوں، دریاؤں، میدانوں اور حتیٰ کہ بادلوں کے اوپر سے گزر رہا ہے۔ اس گینڈے کی یہ تصاویر کھینچنے والے وائلڈ لائف فوٹوگرافر پیٹے آکسفورڈ تھے جنہوں نے یہ انوکھی تصاویر کھینچیں۔ دراصل اس گینڈے کو جنوبی افریقہ کے نیشنل پارک سے شکاریوں سے بچانے کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے شمال میں گینڈوں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی پناہ گاہ قائم کی گئی ہے جہاں ملک بھر سے گینڈے لا کر رکھے جارہے ہیں، تاکہ ایک طرف تو انہیں شکاریوں سے بچایا جاسکے، دوسری جانب ایک ہی مقام پر ان کی بہتر طور پر حفاظت کی جاسکے۔ مذکورہ گینڈے کی ہوا کے ذریعہ منتقلی بھی اسی عمل کا ایک حصہ تھی۔ واضح رہے کہ افریقی گینڈے کے جسمانی اعضا خصوصاً اس کے ناک پر موجود سینگ کی دنیا بھر میں بے حد مانگ ہے اور اس کی غیر قانونی تجارت نہ صرف ان کی نسل کو ختم کر سکتی ہے بلکہ اس سے حاصل ہونے والی رقم غیر قانونی کاموں میں بھی استعمال کی جارہی ہے۔ گذشتہ سال ہاتھیوں اور گینڈوں کی معدوم ہوتی نسل کے تحفظ کے لیے افریقہ میں ایک ’جائنٹ کلب فورم‘ بھی بنایا گیا ہے جس کا پہلا اجلاس گزشتہ برس مئی میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں متعدد افریقی رہنماؤں، تاجروں اور سائنسدانوں نے شرکت کی جنہوں نے متفقہ طور پر ان جانوروں کی تجارت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس خبر کو لائیک یا شیئر کرنے اور مزید خبروں تک فوری رسائی کے لیے ہمارا اور وزٹ کریں