ورلڈ کپ میں شرمناک شکست، ویمن ٹیم کی خاموشی سے وطن واپسی

17 تعبيرية پیر 17 جولائی‬‮ 7102 - (دوپہر 2 بجکر 65 منٹ)

شیئر کریں:

ورلڈ کپ میں شرمناک شکست، ویمن ٹیم کی خاموشی سے وطن واپسی لاہور: ویمنز ورلڈ کپ میں مایوس ترین کارکردگی کے بعدپاکستان ویمن کرکٹ ٹیم وطن واپس آگئی، ائیر پورٹ پر ٹیم کو لینے کوئی آفیشل نہیں آیا، ٹیم کی ایک کھلاڑی موٹر بائیک پر اپنے گھر گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں تمام میچز ہارنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئی ہے، مایوس ٹیم کی مزید مایوسی اس وقت اور بڑھ گئی جب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوئی آفیشل انہیں لینے تک نہ آیا۔ بورڈ کی جانب سے ٹرانسپورٹ کا بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا، خواتین کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اپنے گھروں کو روانہ ہوئیں۔ بھارت کے خلاف چار وکٹیں لینے والی نشرح سندھو اپنے والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر بیٹھ کر اپنے گھر گئیں۔ ویمنز ٹیم کی دیگر کھلاڑی بھی ائیرپورٹ پر خاموشی سے اتریں اور اہل خانہ کےساتھ روانہ ہوگئیں۔ کھلاڑیوں نے اس موقع پرمیڈیا سے بھی کوئی بات نہیں کی۔ وطن واپس آنے والی کھلاڑیوں میں بسمعہ معروف، ڈیانا بیگ، مرینہ اقبال، ناہیدہ بی بی، اسماویہ سمیت دیگر کھلاڑی اور آفیشلز شامل ہیں۔ ثناء میر اور نین عابدی نجی مصروفیات کی بنا پر واپس نہیں آئیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان ویمنز ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہارکرچکے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔ ویمنز ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے اپنا ساتواں اور آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا اور انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ٹیم اپنا سامان باندھ کر وطن واپس چلی آئی۔