طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کے حقیقی اقدامات کے منتظر ہیں، امریکا

1 تعبيرية اتوار 18 مارچ‬‮ 8102 - (شام 6 بجکر 6 منٹ)

شیئر کریں:

طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کے حقیقی اقدامات کے منتظر ہیں، امریکا واشنگٹن: امریکا نے پاکستان سے پھر ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کے حقیقی اقدامات کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ پاکستان طالبان اور دہشت گردوں کے خلاف مزید اقدامات کرے، اب تک پاکستان نے طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے۔

امریکی عہدیدار نے کہا کہ طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کے حقیقی اقدامات کے منتظر ہیں جبکہ ہم خطے میں امریکی فوج اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف ٹویٹ کے بعد سے دونوں ممالک تناؤ کا شکار ہیں، ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کو 15 سالوں کے دوران 33 ملین ڈالر امداد دے کر بیوقوفی کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی نائب سفیر رچرڈ ہاگلینڈ کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات ختم نہیں کرے گا، ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کو پیچھے چھوڑ کر اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، سفارتکاری کے ذریعے معاملات میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔