44 روز کے کرفیو کے باوجود بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں: راجہ فاروق حیدر

3 تعبيرية منگل 17 ستمبر‬‮ 9102 - (صبح 11 بجکر 82 منٹ)

شیئر کریں:

44 روز کے کرفیو کے باوجود بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں: راجہ فاروق حیدر مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، 44 روز کے کرفیو کے باوجود بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے لائن آف کنٹرول کے حویلی فاروڈ کہوٹہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن حویلی میں بسنے والے افراد کے حوصلے بلند ہیں، حویلی کے عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح سینہ سپر ہیں۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، 44 روز کے کرفیو کے باوجود بہادر کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خونی لکیر کو کشمیری جلد روند ڈالیں گے، حویلی فاروڈ کہوٹہ 3 اطراف سے بارڈر لائن میں گھرا ہے۔ کنٹرول لائن پر بسنے والے افراد کو ریلیف دیا جائے گا۔

راجہ فاروق حیدر نے مزید کہا کہ بھارت 72 سال سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مائیں بہنیں لازوال استقامت دکھا رہی ہیں۔ کشمیری اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

خیال رہے گزشتہ روز وزیر اعظم آزاد کشمیر نے نکیال سیکٹر کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے فتح پور تھکیالہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کیا تھا۔

اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایل او سی پر فائرنگ سے خاتون شہید اور 8 افراد زخمی ہوئے، ایل او سی آنے کا مقصد مقامی لوگوں کو سلام پیش کرنا ہے۔ مودی نے پلوامہ واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں انتہا پسندی کو فروغ دیا۔

راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ مودی نے بھارتی میڈیا سے مل کر اپنے لوگوں کو بیوقوف بنایا، بی جے پی پر آر ایس ایس کا قبضہ ہے وہ خطے کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، پاکستان مودی اور اس کے حمایتی کے راستے کی رکاوٹ ہے۔