شین واٹسن کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ

133410 تعبيرية جمعرات 24 مارچ‬‮ 6102 - (دوپہر 3 بجکر 72 منٹ)

شیئر کریں:

شین واٹسن کا ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی آسٹریلوی ٹیم میں شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم جمعہ کے روز موہالی میں پاکستان کا مقابلہ کرنے والی ہے ۔

شین واٹسن نے ریٹائرمنٹ کا اعلان جمعرات کے روز آئی ایس بندرا سٹیڈیم میں ٹیم کی پریکٹس کے دوران کیا۔اس دوران آسٹریلوی ٹیم نے تالیاں بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

شین واٹسن کا کہنا ہے کہ دھرم شالہ کی ایک خوبصورت صبح انھوں نے یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ یہ ریٹائرمنٹ کا صحیح وقت ہے۔ انھوں نے جن کرکٹرز کے ساتھ کھیلنا شروع کیا تھا وہ اب موجود نہیں ہیں۔ وہ آسٹریلیا کی طرف سے کھیلتے ہوئے بہت لطف اندوز ہوئے ہیں۔

چونتیس سالہ شین واٹسن نے چودہ سالہ بین الاقوامی کریئر میں59 ٹیسٹ، 190ون ڈے اور56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔

انھوں نے گزشتہ سال ایشیز کے اختتام پر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جبکہ وہ گزشتہ سال ستمبر سے ون ڈے انٹرنیشنل بھی نہیں کھیلے ۔

شین واٹسن تین عالمی کپ بھی کھیلے جن میں سے دو جیتے۔

ان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن ہے۔ وہ سنہ 2006 اور سنہ 2009 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بھی تھے اور دونوں کے فائنلز میں وہ مین آف دی میچ رہے تھے۔ سنہ 2009 میں انھوں نے سیمی فائنل اور فائنل میں سنچریاں بنائی تھیں ۔

وہ سنہ 2012 کے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔اس ایونٹ میں انھوں نے249 رنز بنانے کے علاوہ گیارہ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

شین واٹسن ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کی طرف سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی ہیں جب انھوں نے سنہ 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف 185 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

شین واٹسن کو یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی کپتان کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے بیٹسمین بھی ہیں جب انھوں نے بھارت کے خلاف 124 رنز ناٹ آؤٹ بنائے تھے۔