کراچی میں موسم سہانا ہو گیا

3 تعبيرية اتوار 12 جولائی‬‮ 0202 - (دوپہر 5 بجکر 83 منٹ)

شیئر کریں:

کراچی میں موسم سہانا ہو گیا کراچی: شہر قائد میں موسم میں تبدیلی آ گئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں مطلع ابر آلود ہے، تاہم سمندری ہوائیں بحال ہونے سے درجہ حرارت میں کمی آ گئی ہے، موسم سہانا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہے گا، آئندہ 24 گھنٹوں میں بوندا باندی کا امکان ہے، کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 70 فی صد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی میں آج صبح سے موسم سہانا ہو گیا، جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد خوب صورت موسم میں چہل قدمی کے لیے مقامی پارکوں میں پہنچ گئی، گزشتہ دنوں کی تیز بارشوں کے بعد شہری سہانے موسم کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 6 جولائی کو کراچی میں مون سون کی پہلی بارش ہوئی تھی جس نے شہر کے نظام زندگی کو درہم برہم کر دیا تھا، تاہم بارش کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئی۔

ادھر پنجاب میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل نے انٹری دی ہے، صوبے کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر طوفانی بارشوں سے جل تھل ایک ہو گیا، لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

راولپنڈی اور پشاور میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، رات گئے سیالکوٹ، چنیوٹ، سرگودھا، جھنگ، بھکر، منچن آباد اور حویلی لکھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، شیخو پورہ میں بارش ہوئی، فیصل آباد میں طوفانی بارش سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔