ٹک ٹاک کا جنون، دو نوجوان نہر میں ڈوب کر جاں بحق

1 تعبيرية پیر 25 جنوری‬‮ 1202 - (شام 7 بجکر 1 منٹ)

شیئر کریں:

ٹک ٹاک کا جنون، دو نوجوان نہر میں ڈوب کر جاں بحق شیخوپورہ: لاہور کے رہائشی دو نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ کے رہائشی دو نوجوان ذیشان رشید اور ساجد اپنے کزن کی دعوت پر اس سے ملنے شیخوپورہ کے گاؤں بھکھی گئے تھے جہاں انہوں نے نہر کے قریب کھڑے ہوکر ٹاک ویڈیو بنانا شروع کی اور اس دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نہر میں ڈوب گئے۔

واقعے کی اطلاع  پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تین گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد دونوں نوجوانوں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کلفٹن دو دریا کے قریب پہاڑی پتھر پر چڑھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والا نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔

چند روز قبل راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں 18 سالہ نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق حمزہ نامی نوجوان راولپنڈی کے نورانی محلے کا رہائشی تھا اور وہ ویڈیو بنانے کے لیے شاہ خالد کالونی پہنچا تھا۔ پٹری کے پاس پہنچنے کے بعد نوجوان نے جب ہزارہ ایکسپریس نامی ٹرین کو دور سے آتا ہوا دیکھا ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی اور اسی دوران حادثہ پیش آگیا۔

یاد رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔