پارک لین ریفرنس، آصف زرداری پر احتساب عدالت میں فرد جرم عائد

1 تعبيرية پیر 10 اگست‬‮ 0202 - (دوپہر 5 بجکر 91 منٹ)

شیئر کریں:

پارک لین ریفرنس، آصف زرداری پر احتساب عدالت میں فرد جرم عائد اسلام آباد: پارک لین ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت 9 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری، انور مجید سمیت 9 ملزمان پر وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کر دی گئی، دوسری طرف تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے۔

آصف زرداری پر بلاول ہاؤس کراچی میں وڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی ہے، جب کہ انور مجید پر کراچی کے اسپتال میں وڈیو لنک کے ذریعےفرد جرم عائد کی گئی۔

سماعت کے لیے تین ملزمان فاروق عبداللہ، محمد حنیف اور سلیم فیصل رجسٹرار آفس کراچی سے وڈیو لنک پر موجود تھے، جب کہ اقبال خان نوری، محمد حنیف، حسین لوائی اور طٰہ رضا کے لیے اڈیالہ جیل میں انتظامات کیے گئے تھے، احتساب عدالت نے تمام ملزمان کی وڈیو لنک پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے رکھا تھا۔

کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی، وکیل نے ملزم طہٰ رضا سے ملاقات کے لیے درخواست دائر کی تام جج نے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے دیں پھر اس پر دلائل سن لیتے ہیں، دوسری طرف آصف زرداری ویڈیو لنک پر موجود رہے۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد ہونے پر ان پر فرد جرم عائد کی گئی، درخواست عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق تھی، احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان بھی طلب کر لیے۔

یاد رہے پارک لین ریفرنس میں نیشنل بینک کے 2 سابق صدور علی رضا اور سید قمر حسین آصف زرداری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے، نیب نے ان کو قانون کے مطابق گواہی دینے پر معاف کر دیا تھا۔

نیب نے آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس میں 61 گواہان تیار کر لیے ہیں، جن میں نیشنل بینک کریڈٹ کمیٹی کے تمام افسران، نیب راولپنڈی تفتیشی ٹیم کے 9 افسران، جعلی اکاؤنٹس کی ابتدائی تفتیش کرنے والے ایف آئی اے کے محمد علی ابڑو بھی گواہان میں شامل ہیں، جب کہ قرض لینے والی مبینہ فرنٹ کمپنی پارتھینون کے کمپیوٹر آپریٹر کی گواہی بھی شواہد کا حصہ ہے۔

اس کیس میں ملزمان پر پارک لین کی کمپنی کے نام پر نیشنل بینک سے ڈھائی ارب سے زیادہ کے قرض غبن کا الزام ہے جب کہ آصف زرداری کو پارک لین کا 25 فی صد شیئر ہولڈر ہونے پر ملزم نامزد کیا گیا تھا۔