قاری کے مبینہ تشدد سے طالب علم جاں بحق

1 تعبيرية پیر 12 اپریل‬‮ 1202 - (شام 6 بجکر 81 منٹ)

شیئر کریں:

قاری کے مبینہ تشدد سے طالب علم جاں بحق کوٹ ادو میں قاری کے مبینہ تشدد سے 13 سالہ طالب علم جاں بحق ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی ضلع مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ اڈو میں قاری نے 13 سالہ طالب علم محمد سلیمان کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد سلیمان کو مبینہ طور ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق والد نے ایف آئی آر میں بتایا کہ تین بیٹوں کو مدرسے چھوڑ کر آیا تھا، چند گھنٹے بعد چھوٹے بیٹے نے گھر آکر بتایا کہ مولوی اکبر سلیمان کو ڈنڈوں سے مار رہا ہے۔

بچے کے والد کا کہنا ہے کہ قاری بچے کو مار رہا تھا، ہم نے مدرسے جاکر چھڑایا اور نیم بے ہوشی کی حالت میں اسے گھر لائے، حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگیا۔

والد کا کہنا ہے کہ ملزم محمد اکبر کے ورثا راضی نامے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم قاری محمد اکرم فرار ہوگیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، طالب علم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کے علاقے برکی میں مبینہ طور پر قاری کے تشدد سے مدرسے کا 9 سالہ طالب علم جاں بحق ہو گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کے والد نے کہا تھا کہ 9 سالہ گلفام علی مدرسے میں زیر تعلیم تھا جہاں سے قاری بلال نے فون کرکے اس کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی جب میں پہنچا تو وہ دم توڑ چکا تھا۔