وفاقی کابینہ کا اجلاس: فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری

3 تعبيرية منگل 18 مئی‬‮ 1202 - (صبح 11 بجکر 85 منٹ)

شیئر کریں:

وفاقی کابینہ کا اجلاس: فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور زیر غور آئے، وفاقی کابینہ نے فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں سے ہونے والی گفتگو پر کابینہ کو بریف کیا۔

وزیر اعظم نے کرونا ایس او پیز پر عملدر آمد سے متعلق اقدامات پر بھی اظہار اطمینان کیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فلسطین کی موجودہ صورتحال بھی زیر غور آئی، کابینہ نے فلسطین کے لیے طبی امدادی سامان بھجوانے کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی، ای سی سی نے آئی پی پیز کو 40 فیصد واجبات ادا کرنے کی منظوری دی تھی، کرتار پور راہداری منصوبے کو پیپرا رولز سے استثنیٰ دینے کی اصولی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے تکنیکی معاملات دیکھنے کے لیے معاملہ پیپرا کو بھجوا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی 4 گاڑیوں کو پاکستان کے راستے کابل لے جانے کی منظوری دی گئی، پاک چین سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے، ریلوے پولیس کے دائرہ اختیار سے متعلقہ ایس آر اوز جاری کرنے اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نجی ایئر لائن کو پسنجراینڈ کارگو لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی، علاوہ ازیں پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری، الیکٹرانک سرٹیفکیشن ایکریڈیشن کونسل کے ارکان تعینات کرنے کی منظوری اور بیرون ملک پاکستانی مشنز میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات کرنے کی منظوری کو فی الحال مؤخر کردیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔