نئی پالیسی قبول نہ کرنے والے واٹس ایپ صارفین کے ساتھ کیا ہوگا؟

1 تعبيرية منگل 18 مئی‬‮ 1202 - (دوپہر 21 بجکر 1 منٹ)

شیئر کریں:

نئی پالیسی قبول نہ کرنے والے واٹس ایپ صارفین کے ساتھ کیا ہوگا؟ دنیا کی مقبول ترین میسجنگ موبائل ایپلیکیشن ‘واٹس ایپ’ نے 15 مئی سے اپنی متنازع پرائیویسی پالیسی کا نفاذ کردیا ہے لیکن صارفین کے ذہنوں میں یہ خیال گردش کررہا ہے کہ شرائط قبول نہ کرنے والوں کے ساتھ کیا ہوگا۔

واٹس ایپ نے رواں سال 4 جنوری کو اپنی نئی پالیسی کا اعلان کیا جس کے بعد صارفین نے پرائیویسی کی بنیاد پر تحفظات کا اظہار کیا اور اس طرح ایپلیکشن کی نئی پالیسی متنازع بن گئی، تاہم انتظامیہ نے وقتاً فوقتاً وضاحتی بیانات کا سلسلہ جاری رکھا اور صارفین کو آمادہ کرنے کی بھی کوششیں کیں۔

لاکھوں صارفین واٹس ایپ کی پالیسی پر رضامند ہوگئے لیکن بڑی تعداد ایسے لوگوں کی رہی جنہوں نے متبال میسجنگ ایپس کے استعمال کو ترجیح دینا شروع کی جن میں ٹیلی گرام اور سنگل نمایاں ہیں۔

واٹس ایپ کی پرائیویسی متنازع بننے کے بعد ٹلی گرام اور سنگل ایپس کے ڈاؤن لوڈنگ کی شرح میں ریکارڈ اضافہ بھی دیکھا گیا۔ بہرکیف صارفین کی تمام تر مخالفت اور تحفظات کے باوجود بالاخرواٹس ایپ نے دو دن قبل اس پالیسی کو دنیا بھر میں موجود صارفین پر لاگو کردیا ہے۔

حالیہ دنوں واٹس ایپ نے اپنے وضاحتی بیان میں بتایا ہے کہ وہ صارفین جنہوں نے نئی پالیسی قبول نہیں کی ان کے اکاؤنٹس کے ساتھ کیا ہوگا۔

کیا اکاؤنٹ ڈیلیٹ ہوجائے گا؟

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ جن صارفین نے شرائط قبول نہ کیں ان کے اکاؤنٹس ڈیلیٹ نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی ان کی کارکردگی میں کوئی فرق واقع ہوگا البتہ انہیں مرحلہ وار پالیسی کے حوالے سے یاد دہانی کرائی جاتی رہے گی تاکہ وہ آمادہ ہوکر نئی پالیسی کو قبول کرلیں، کمپنی شرائط قبول نہ کرنے والے اکاؤنٹس کو ختم نہیں کر رہی۔

انتظامیہ نے بتایا کہ پالیسی قبول نہ کرنے تک نوٹیفکیشن ملتا رہے گا۔ جبکہ ایسے صارفین کو واٹس ایپ کے افعال محدود ہونے کا سامنا کرنا پڑے گا، استعمال کنندگان اپنی چیٹ لسٹ تک رسائی کے اہل نہیں ہوں گے لیکن وہ وائس اور ویڈیو کالز کا جواب دے سکیں گے، نوٹیفکیشن فیچر آن رکھنے والے اس فیچر سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمپنی کچھ ہفتوں بعد ایسے صارفین کو کال اور پیغامات بھیجنے کا سلسلہ بھی بند کرسکتی ہے جو پالیسی قبول نہیں کریں گے، چیٹ ہسٹری آئی فون یا اینڈرائیڈ سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔