کھمبوں سے کیبل کاٹنے کا معاملہ، کے الیکٹرک نے کارروائی نہ روکی تو ہڑتال کریں گے، خالد آرائیں

1 تعبيرية جمعرات 22 اگست‬‮ 9102 - (شام 7 بجکر 82 منٹ)

شیئر کریں:

کھمبوں سے کیبل کاٹنے کا معاملہ، کے الیکٹرک نے کارروائی نہ روکی تو ہڑتال کریں گے، خالد آرائیں کراچی: چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن خالد آرائیں نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نے ٹی وی کیبل کاٹنے کی کارروائی نہ روکی تو ہڑتال کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن خالد آرائیں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے کھمبوں سے کیبل آپریٹرز کے تار کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے، اگر کے الیکٹرک نے فوری کارروائی نہ روکی تو ہڑتال کریں گے۔

خالد آرائیں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے کچھ دن پہلے اخبار میں نوٹس دیا کہ ہمارے پول خالی کریں، کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے کہا تھا حل نکالے بغیر کیبلز نہ کاٹی جائیں۔

چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کے الیکٹرک کو بتایا تھا کیبل آپریٹرز کی تاروں میں کرنٹ نہیں ہوتا ہے، کیبل ٹی وی سروس کے لیے بجلی کے کھمبے ہی استعمال ہوتے ہیں۔

خالد آرائیں نے کہا کہ کیبل ٹی وی سروس کے لیے بجلی کے کھمبوں کا استعمال پوری دنیا میں ہوتا ہے، کیبل آپریٹرز کا بجلی کے کھمبوں کو استعمال کرنا غیرقانونی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے آدھے شہر کی ٹی وی کیبلز کاٹ دی ہیں، کیبل آپریٹرز کا لاکھوں کا نقصان ہوگیا ہے، کے الیکٹرک نے جو نقصان کیا ہے اس کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔

چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن خالد آرائیں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مداخلت کی درخواست کی ہے۔

یاد رہے کہ کے الیکٹرک نے بارش میں کرنٹ سے ہلاکتوں کی وجہ کیبل کے تاروں کو قرار دیا تھا۔