پانی اورسیوریج مسائل کے خلاف ایم کیو ایم نے دھرنے کا اعلان کردیا

3 تعبيرية جمعہ 22 ستمبر‬‮ 7102 - (شام 7 بجکر 1 منٹ)

شیئر کریں:

پانی اورسیوریج مسائل کے خلاف ایم کیو ایم نے دھرنے کا اعلان کردیا کراچی : شہر قائد میں پانی اور سیوریج کے مسائل حل نہ ہونے کےخلاف ایم کیو ایم اراکین اسمبلی نے یوم عاشور کے بعد ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مکینوں کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھنے اور سیوریج کے مسائل حل نہ کرنے کے خلاف ایم کیو ایم اراکین اسمبلی اور چئیرمین سراپا احتجاج بن گئے۔

مسائل کے حل کے لیے ایم کیو ایم رہنما احتجاج کرنے ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر کے باہر پہنچے لیکن مذاکرات کی دعوت پر احتجاج کو مؤخر کردیا۔

اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسائل حل نہ ہوئے تو یوم عاشور کے بعد واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے۔ متحدہ اراکین اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ بار بار یقین دہانیوں کے باوجود مسائل کا حل نہ ہونا واٹر بورڈ کی نااہلی ثابت کرتا ہے۔

ریحان ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت ہوگیا اب واٹر بورڈ کے دفاتر کے ساتھ مختلف علاقوں میں عوام کو نکال کر احتجاج کریں گے۔

واٹر بورڈ حکام نے ایک ہفتے میں مسائل حل کرنے کی یقین دہانی تو کرادی لیکن ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا کہ شہر کو پچاس فیصد سے زیادہ پانی فراہم نہیں کر سکتے۔

ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر مسائل کا تدارک نہیں کیا گیا تو ایم ڈی واٹر بورڈ اور محکمے کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔