یورو کپ فائنل: نسلی تعصب کے الزام میں 11 افراد گرفتار

1 تعبيرية جمعرات 5 اگست‬‮ 1202 - (شام 7 بجکر 8 منٹ)

شیئر کریں:

یورو کپ فائنل: نسلی تعصب کے الزام میں 11 افراد گرفتار لندن: یورو کپ فائنل میں برطانوی کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بنانے کے الزام میں 11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے یورو کپ 2020 کے فائنل میں پنالٹی ضائع کرنے والے سیاہ فام کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بنانے کے الزام میں 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔

برطانوی فٹبال پولیسنگ یونٹ کو شکست کے بعد انگلینڈ کے سیاہ فام کھلاڑیوں کو بھیجے گئے نسل پرستانہ تبصروں کی 600 رپورٹس موصول ہوئی تھیں جس میں 207 کو مجرمانہ قرار دیا گیا تھا۔

برطانیہ سے سوشل میڈیا پر متعصب تبصرے کرنے والوں میں 34 افراد شامل ہیں جبکہ گرفتار افراد میں 10 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جن کی عمریں 18 سے 63 سال کے درمیان ہیں۔

واضح رہے کہ یورو کپ 2020 کے فائنل میں اٹلی نے انگلینڈ کو پنالٹی ککس پر 3-2 سے شکست دی تھی، سیاہ فام فٹبالر کی جانب سے پنالٹی ککس ضائع کرنے پر انہیں نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں گینگسٹرز کے فٹبال میچ دیکھنے پر پابندی کو ان لوگوں تک بڑھایا جارہا ہے جو سوشل میڈیا پر فٹبال کے کھلاڑیوں کو نسلی تعصب کا نشانہ بناتے ہیں۔