آخری 2 میچز میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، سرفراز احمد جیت کے لیے پرعزم

292 تعبيرية پیر 19 مارچ‬‮ 8102 - (رات 9 بجکر 6 منٹ)

شیئر کریں:

آخری 2 میچز میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، سرفراز احمد جیت کے لیے پرعزم لاہور: پی ایس ایل تھری میں کوئٹہ گلیڈیٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ آخری دو میچز میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، سرفراز احمد نے کہا کہ کھلاڑی پاکستان میں نہ کھیلنا چاہے تو ہم کیا کرسکتے ہیں؟ واٹسن، کیون پیٹرسن کی جگہ بہترین کھلاڑی شامل کرنے کی کوشش کی ہے۔

کپتان کوئٹہ گلیڈیٹرز نے کہا کہ زلمی سے ایک میچ جیتے اور ایک ہارے ہیں، کل کا میچ اچھا ہوگا، میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے، تھسارا پریرا اور محمود اللہ کو اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے، تاہم شین واٹسن اور کیون پیٹرسن کا مقابلہ کسی صورت نہیں ہوسکتا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شین واٹسن نے پاکستان آنے کے لیے رضامندی ظاہر کردی تھی تاہم ان کی فیملی کی جانب سے ان کو منع کردیا گیا اس لیے وہ پاکستان نہیں آرہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پچھلے دو سال سے فائنل کھیلتے آرہے ہیں، آخری دو میچز میں کی گئی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، پی ایس ایل تھری کے انعقاد سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈیٹرز کی ٹیم کل لاہور میں پشاور زلمی سے مدمقابل ہوگی، دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ اہم ہے، جو ٹیم ہارے گی وہ ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔