پی ایس ایل فائنل: کراچی میں ٹی شرٹس کی ریکارڈ فروخت

117 تعبيرية ہفتہ 24 مارچ‬‮ 8102 - (شام 8 بجکر 31 منٹ)

شیئر کریں:

پی ایس ایل فائنل: کراچی میں ٹی شرٹس کی ریکارڈ فروخت کراچی : پی ایس ایل کے فائنل کی تیاریوں کیلئے کراچی کی مارکیٹوں میں خریداری عروج پر پہنچ گئی، ہوٹلوں میں بکنگ فل اور کرائے کی گاڑیاں نایاب ہوگئیں، گزشتہ دو روز میں کروڑوں روپے کی اشیاء فروخت ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کا فائنل ہونے میں صرف ایک روز باقی رہ گیا، کراچی کے شہریوں کا جوش وخروش عروج پر پہنچ گیا، بازاروں میں پی ایس ایل کے حوالے سے خریداری زور و شور سے جاری ہے۔

پی ایس ایل فائنل کے موقع پر کراچی میں کاروبارمیں زبردست تیزی دیکھنے میں آرہی ہے، شہر کے تمام ہوٹل بک ہوگئے، شائقین کا مارکیٹوں میں غیرمعمولی رش ہے ۔

پی ایس ایل کی مختلف ٹیموں کی ٹی شرٹس، بیجز، ٹوپیاں اور دیگر مصنوعات کی فروخت جاری ہے، مارکیٹ ذرائع کے مطابق دو روز میں 25کروڑ روپے سے زائد کا ریکارڈ کاروبارہوا۔

اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کی چھ ٹیموں میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں کی تصاویر کو خیرمقدمی بینروں کے ساتھ شہر کی دیواروں کو سجایا گیا ہے۔

شہر رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا رہا ہے۔ مارکیٹوں میں کرکٹ کے شائقین اپنی اپنی پسند کی ٹیموں کی ٹی شرٹس اور بیجز خریدنے میں مصروف نظر آرہے ہیں۔

شہر میں جوش و خروش واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ زینب مارکیٹ، ایمپریس مارکیٹ، ڈینسو ہال سمیت شاید ہی کوئی بڑی مارکیٹ ہو جہاں پی ایس ایل کی ٹی شرٹس فروخت نہ ہو رہی ہوں۔

پی ایس ایل فائنل کے موقع پر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے ساتھ صدر سے نیشنل اسٹیدیم کے تمام راستوں کو صاف کر دیا گیا، جس کو دیکھ کر کراچی کے رہائشی شکر ادا کررہے ہیں کہ پی ایس ایل کی وجہ سے ہی سہی کراچی کی سنی تو گئی۔

خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔