لاہور میں اے ٹی ایم ہیکرز نے شہریوں کے اکاؤنٹس خالی کردیئے

3 تعبيرية بدھ 4 اپریل‬‮ 8102 - (رات 01 بجکر 72 منٹ)

شیئر کریں:

لاہور میں اے ٹی ایم ہیکرز نے شہریوں کے اکاؤنٹس خالی کردیئے لاہور: پنجاب کے دارالحکومت میں اے ٹی ایم فراڈ کے ذریعے لوگوں کی رقم لوٹنے کا سلسلہ جاری ہے، ہیکرز نے دو شہریوں کے بینک اکاؤنٹس خالی کردیئے، متاثرین نے متعلقہ اداروں سے رجوع کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے احمد کھوکھر کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اے ٹی ایم ہیکر گینگ سرگرم ہوگیا، شہریوں کے بینک اکاؤنٹس غیر محفوظ ہوگئے۔

ہیکرز نے باغبان پورہ اور ہربنس پورہ کے دو شہریوں کے اے ٹی ایم کارڈز ہیک کرکے ان کے اکاؤنٹس سے پیسے چوری کر لئے۔ شہباز احمد اور اقدس سلیمی دونوں شہریوں کے اکاؤنٹس حبیب بینک لمیٹڈ میں ہیں۔

ہیکنگ واقعے کی درخواستیں دونوں شہریوں کی جانب سے ایف آئی اے، بینک محتسب اور متعلقہ بینکوں میں جمع کروا دی گئی ہیں، درخواست کے مطابق شہباز احمد کے اکاؤنٹ سے 50ہزار جبکہ اقدس سلیمی کے اکاؤنٹ سے ڈیڑھ لاکھ روپے نکلوائے گئے ہیں۔

شہریوں کے مطابق اے ٹی ایم سے پیسے نکلوانے کی اطلاع انہیں موبائل پر میسجز کے ذریعے موصول ہوئی، بینک ریکارڈ کے مطابق ملزم نے سرگودھا اور گجرانوالہ کے نجی بینکوں کی برانچ سے اے ٹی ایم مشین کے ذریعے ٹرانزیکشن کی۔

بینک نے ایک ملزم ہیکر کی تصویر متاثرہ شہری اقدس سلیمی کو بھیج دی ہے، متعلقہ اداروں کی جانب سے ملزمان ہیکرز کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں بھی گزشتہ دنوں بینک کے اے ٹی ایم سے جعل سازی کے ذریعے رقم نکلوانے والے چینی باشندے کو پولیس نے حراست میں لے کر اسکیمنگ ڈیوائس برآمد کی تھی۔

اس کے علاوہ کراچی کے پوش علاقے میں شاپنگ سینٹر سے پاکستانی اے ٹی ایم صارفین کے پاسورڈ چوری کر کے600سے زائد بینک اکاؤنٹس خالی کردیئے تھے، ڈیفنس میں ایک بینک کے صارف کی رقم اگلے دن چین کے شہر شنگھائی میں نکال لی گئی۔

خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔