اپنے الفاظ پر قائم ہوں، آئی پی ایل میں بلایا بھی گیا تو نہیں…

7 تعبيرية جمعرات 5 اپریل‬‮ 8102 - (دوپہر 0 بجکر 73 منٹ)

شیئر کریں:

اپنے الفاظ پر قائم ہوں، آئی پی ایل میں بلایا بھی گیا تو نہیں… کراچی : پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ اپنے الفاظ پراب بھی قائم ہوں کہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے اس لیے آواز اٹھائی، آئی پی ایل میں بلایا گیا تو بھی نہیں جاؤں گا، پی ایس ایل بہت بڑی لیگ ہے۔

یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی، شاہد آفریدی نے کہا کہ میں پاکستان کا سپاہی ہوں، میرا ملک ہی میرا سب کچھ ہے، کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، اس لیے آواز اٹھائی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، وہاں حالیہ دنوں میں20شہادتیں ہوئی ہیں، مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے الفاظ پراب بھی قائم ہوں۔

شاہد آفریدی نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ مجھے آئی پی ایل میں بلایا گیا تو بھی نہیں جاؤں گا، میں پی ایس ایل کھیلتاہوں جو بہت بڑی لیگ بنے گی، پاکستان کی پی ایس ایل بھارت کی آئی پی ایل کو جلد پیچھے چھوڑ دے گی۔

شاہدآفریدی کا کہنا تھا کہ جو ملک کی پہچان ہوتے ہیں انہیں مثبت سوچ کے ساتھ مثبت بات کرنی چاہئے، صرف کشمیر ہی نہیں کہیں بھی ظلم ہو، انسانیت کیلئے آواز اٹھانی چاہئے۔

مجھے اس قسم کے ردعمل کی فکر نہیں، سچ بولنا میرا حق ہے اور بولنا بھی چاہئے، بحیثیت انسان کشمیر پرٹوئٹ کیا، اگر میں ظلم کیخلاف آواز نہ اٹھاؤ تو میں بھی خود کو اس میں شریک سمجھوں گا، دنیا میں کہیں بھی ظلم ہو آواز تو اٹھے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اپنے لوگوں کو پاکستان کے خلاف بھڑکاتا ہے جبکہ پاکستان ہمیشہ اچھے تعلقات کیلئے بھارت کے آگے پہل کرتا ہے، بھارت کا میڈیا پاکستان اور بھارت کے تعلقات خراب ہونے میں سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس نے مجھے آئی ایس آئی کہا اچھی بات ہے میں بھی فوجی اور ملک کا سپاہی ہوں۔

شاہدآفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام جو پیار اور عزت دیتی ہیں وہ بہت کم جگہ پر ملتی ہے ،کرکٹ کو بھارت اور آسٹریلیا میں سب سے زیادہ انجوائے کیا۔

خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔