سابق کپتان مصباح کی حمایت میں سامنے آگئے

1 تعبيرية پیر 25 جنوری‬‮ 1202 - (شام 7 بجکر 15 منٹ)

شیئر کریں:

سابق کپتان مصباح کی حمایت میں سامنے آگئے کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان مدثر نذر ہیڈ کوچ مصباح الحق کے دفاع میں سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو کوچنگ سے ہٹانے کا فیصلہ بالکل غلط ہوگا۔

سابق کپتان نے کہا کہ اگر کسی پر اعتماد کیا ہے تو اس کو پورا موقع ملنا چاہئے، مصباح الحق کے ساتھ تین سال کا معاہدہ ہوا ہے تو پہلے ہٹانا زیادتی ہوگی، اس لیے فیصلے پر قائم رہنا چاہیے اور انہیں قطعی نہیں ہٹانا چاہیے۔

مدثر نذر نے کہا کہ چاہے کوئی مکی آرتھر ہو جیف لاسن یا پھر مدثر نذر ہو جب تک کنٹریکٹ ہے وہ پورا ہونا چاہئے، کیونکہ جب ایک کوچ آتا ہے تو اپنا پلان لے کر آتا ہے جس کے لیے اسے پورا وقت دینا چاہئے جو بھی آئے اسے وقت دیا جائے یہ نہیں کہ دو ماہ بعد عہدے سے ہٹادیں۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں اختلاف میں نہیں پڑتا نہ الزامات لگاتا ہوں، خاموشی سے چلا جاتا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ سے جب ریٹائرمنٹ لی تو بغیر کسی کو بتائے برطانیہ جاکر نوکری شروع کردی تھی، اب بھی جب مجھے پی سی بی میں لگا کہ انہیں میری ضرورت نہیں تو الگ ہوگیا افسوس تو ہوا لیکن شور مچانے والوں میں سے نہیں ہوں۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کو سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ مدثر نذر ، مصباح کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔

اس سے قبل خبریں گردش کررہی تھیں کہ آج سے شروع ہونے والی پاک جنوبی افریقہ سیریز کے بعد مصباح الحق کو عہدے سے ہٹادیا جائے گا۔