متحدہ کے گڑھ میں پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ

1 تعبيرية جمعہ 22 ستمبر‬‮ 7102 - (شام 6 بجکر 15 منٹ)

شیئر کریں:

متحدہ کے گڑھ میں پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کراچی: سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کے وڈیو بیان کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے گڑھ ضلع وسطی میں نامعلوم افراد نے پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کردی۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف کی جانب سے بے نظیر قتل کیس سے متعلق ویڈیو بیان منظر عام پر آنے کے بعداچانک نامعلوم افراد شہر کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہو گئے اور ضلع وسطی کو ہدف بناتے ہو ئے پرویز مشرف کے حق میں وال چاکنگ کردی۔

خیال رہے کہ یہ علاقہ متحدہ قومی موومنٹ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، کہا جارہا ہے کہ وال چاکنگ کے پیچھے متحدہ لندن کا نیٹ ورک ہو سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ضلع وسطی کے علاقوں لیاقت آباد، ناظم آباد، کریم آباد، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی میں دکانوں اور گھروں کی دیواروں پر اسپرے پینٹ سے وال چاکنگ کی ہے۔

چاکنگ میں نامعلوم افراد نے جئے پرویز مشرف، سب سے پہلے پاکستان سمیت دیگر نعرے تحریر کیے ہیں  جبکہ چاکنگ کے نیچے تاریخ بھی 22 ستمبر 2017 لکھی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پرویز مشرف نے ایک روز قبل دیے گئے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بے نظیر اور مرتضیٰ بھٹو کے قتل کے پیچھے آصف زرداری کا ہاتھ ہے۔