امریکا میں کرونا وائرس ایک دن میں 1165 جانیں نگل گیا

1 تعبيرية پیر 6 اپریل‬‮ 0202 - (دوپہر 5 بجکر 81 منٹ)

شیئر کریں:

امریکا میں کرونا وائرس ایک دن میں 1165 جانیں نگل گیا واشنگٹن: امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 1165 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کے متاثرین سے متعلق عالمی سطح پر اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ صرف ایک دن میں کرونا وائرس امریکا میں مزید ایک ہزار 165 افراد کی جانیں نگل گیا ہے۔

امریکا میں کرونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 9 ہزار 618 ہو گئی، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد نہایت تیزی سے بڑھتے ہوئے 3 لاکھ 36 ہزار 830 ہو گئی ہے۔ کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد کے لحاظ سے امریکا دنیا بھر میں سر فہرست ملک ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 25 ہزار 316 کیسز رپورٹ ہوئے، اس سے قبل 4 اپریل کو 34196 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ اموات کی تعداد 1330 تھی۔ امریکا میں تین لاکھ چھتیس ہزار کیسز میں اس وقت 9 ہزار کے قریب مزید ایسے کیسز ہیں جن کی حالت تشویش ناک قرار دی گئی ہے۔

امریکی شہر نیویارک میں 24 گھنٹوں میں کرونا سے 594 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد شہر میں ہلاکتوں کی تعداد 4,159 ہو گئی ہے، نیویارک میں کیسز کی تعداد بھی ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، اس وقت مجموعی تعداد 123,018 ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1,274,022 ہو گئی ہے، جب کہ وائرس سے اموات 69,468 تک پہنچ گئیں، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد صرف ڈھائی لاکھ ہے۔