انسانوں کو اجنبی مخلوق سے رابطوں کی کوشش کے بجائے دور رہنے کی کوشش کرنی چاہیے، اسٹیفن ہاکنگ

1 تعبيرية جمعرات 15 مارچ‬‮ 8102 - (سپہر 5 بجکر 14 منٹ)

شیئر کریں:

انسانوں کو اجنبی مخلوق سے رابطوں کی کوشش کے بجائے دور رہنے کی کوشش کرنی چاہیے، اسٹیفن ہاکنگ لندن : آنجہانی برطانوی سائنسدان اسٹیفن ہاکنگ جاتے جاتے غیر زمینی مخلوق کےخطرے سے خبردار کرگئے اور آخری نصیحت کی کہ انسانوں کا اجنبی مخلوق سے رابطہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آنجہانی اسٹیفن ہاکنگ نے آخری نصیحت کی تھی کہ کائنات میں ہم اکیلے نہیں، کوئی اور بھی ہے، اس اجنبی مخلوق سے رابطہ خطرناک ہوسکتا ہے۔

برطانوی سائنسدان نے ایک انٹرویو میں خبردار کیا تھا کہ انسان جس مخلوق کی کھوج میں ہے، وہ اس کےلیے تباہی لائے گی۔ ایسی کوئی مخلوق زمین پر آئی تو وہی ہوگا جو کولمبس کے امریکا دریافت کرنے کے بعد ریڈانڈینزکے ساتھ ہوا تھا۔

اسٹیفن ہاکنگ کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں نے خلا میں ایسے مشن بھیجے ہیں، جن پر انسانوں کی تصویریں اورزمین تک پہنچنے کے نقشے تھے، ممکنہ خلائی مخلوق سے رابطے کے لیے ریڈیو بیمزبھی بھیجی گئی ہیں۔

پروفیسر ہاکنگ نے کہا تھا کہ اجنبی مخلوق سے رابطوں کی کوشش کے بجائے ان سے دور رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

گذشتہ روز برطانیہ سے تعلق رکھنے والے دنیا کے جانے مانے سائنسداں اسٹیفن ہاکنگ گذشتہ روز 76 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، وہ نوجوانی میں ہونے والی موزی مرض کے باعث طویل عرصے سے معذوری کا شکار تھے۔

ہاکنگ کو آئن اسٹائن کے بعد پچھلی صدی کا سب سے بڑا سائنس دان قرار دیا جاتا ہے۔ ان کا مخصوص شعبہ بلیک ہولز اور تھیوریٹیکل کاسمولوجی (کونیات) ہے۔