سعودی عرب بھی جوہری صلاحیت حاصل کرے گا، سعودی ولی عہد

7 تعبيرية جمعرات 15 مارچ‬‮ 8102 - (شام 8 بجکر 15 منٹ)

شیئر کریں:

سعودی عرب بھی جوہری صلاحیت حاصل کرے گا، سعودی ولی عہد ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ایران جوہری بم بنائے گا تو ان کا ملک بھی جوہری صلاحیت حاصل کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ٹی وی سی بی ایس کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ خامنہ ای توسیع پسندی چاہتے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامتہ ای کا نازی جرمنی کے مرد آہن ایڈولف ہٹلر سے موازنہ کرتے ہوئے ان کے مشابہ قرار دیا، وہ اس سے قبل بھی آیت اللہ خامنہ ای کو مشرق وسطیٰ کا ہٹلر قرار دے چکے ہیں۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ خامنہ ای مشرق وسطیٰ میں اپنا منصوبہ تخلیق کرنا چاہتے ہیں جیسے ہٹلر اپنے وقت میں اپنے ملک کی سرحدوں سے باہر پھیلنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اور یورپ کے بہت سے ممالک اس بات کا ادراک کرنے میں ناکام ہوگئے تھے کہ ہٹلر کتنے خطرناک ہوسکتے تھے، مشرق وسطیٰ میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہیں چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان 19 سے 22 مارچ تک امریکا کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ امریکا سے جوہری معاہدہ طے کرنے کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔

خیال رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کا انٹرویو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات سے دو روز قبل امریکی ٹی وی ’سی بی ایس‘ کے پروگرام میں اتوار کو نشر ہوگا۔