برطانوی خاتون نے دنیا کے بہترین استاد کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

3 تعبيرية پیر 19 مارچ‬‮ 8102 - (شام 8 بجکر 6 منٹ)

شیئر کریں:

برطانوی خاتون نے دنیا کے بہترین استاد کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا دبئی: برطانوی خاتون نے دبئی میں چوتھے ورکی فاؤنڈیشن گلوبل ٹیچر پرائز ایوارڈ اپنے نام کرلیا، خاتون کو ٹرافی اور ایک ملین ڈالر انعام سے نوازا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 35 زبانوں پر عبور حاصل کرنے والی برطانوی خاتون استاد اینڈریا ظفیراکاؤ کو شیخ محمد بن راشد المختوم نے بہترین استاد کا ایوارڈ اور ایک ملین ڈالر کا انعام دیا۔

تقریب کا انعقاد دبئی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں کیا گیا تھا، برطانوی خاتون آرٹ اینڈ ٹیکسٹائل کی استاد ہیں اور لندن کے ایلپرٹن کمیونٹی اسکول میں مہاجر بچوں کو تعلیم کے فرائض بہترین انداز میں سر انجام دے رہی ہیں۔

ورکی فاؤنڈیشن گلوبل ٹیچر پرائز ایوارڈ کا انعقاد گزشتہ چار سال سے کیا جارہا ہے، جس میں بہترین کارکردگی پر منتخب کیا جاتا ہے اور اس سال یہ ایوارڈ پہلی بار کسی برطانوی خاتون کو ملا ہے۔

اس اعزاز کے حصول کے لیے 170 ممالک سے تعلق رکھنے والے تیس ہزار سے زائد اساتذہ کی جانب سے درخواستیں دی گئی تھیں لیکن بہترین استاد کے ایوارڈ کی حقدار 39 سالہ ظفیراکاؤ قرار پائیں۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اعزاز حاصل کرنے پر ظفیراکاؤ کو مبارکباد پیش کی اور تعلیم کے حوالے سے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فلسطین کی پرائمری اسکول ٹیچر نے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، مغربی کنارے پر قائم اسکول کی استاد حنان ال ہروب کو دبئی میں ہونے والے دوسری سالانہ گلوبل ٹیچر پرائز کے ایونٹ میں انعام دیا گیا تھا۔

اس موقع پر حنان کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ ایک فلسطینی ٹیچر کی حیثیت سے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے وہ اس رقم کو تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی بہتری پر خرچ کریں گی۔