رواں برس مصدقہ ڈینگی کیسز کی تعداد 7471 ہو گئی، اسلام آباد میں وبائی صورت حال

1 تعبيرية منگل 17 ستمبر‬‮ 9102 - (دوپہر 2 بجکر 8 منٹ)

شیئر کریں:

رواں برس مصدقہ ڈینگی کیسز کی تعداد 7471 ہو گئی، اسلام آباد میں وبائی صورت حال اسلام آباد: قومی ادارۂ صحت نے ملک بھر کے ڈینگی کیسز پر رپورٹ تیار کر لی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں برس کے مجموعی مصدقہ ڈینگی کیسز کی تعداد 7471 ہو گئی ہے، ادھر اسلام آباد 24 گھنٹے میں مزید 223 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، پشاور اور سوات میں مزید ڈینگی کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

اسلام آباد میں انسدادی اقدامات کے باوجود ڈینگی کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 223 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پمز اسپتال میں 24 گھنٹے میں 110، ایف جی ایچ میں 15، جب کہ پولی کلینک میں 98 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔ پمز ذرایع کے مطابق 24 گھنٹے میں مزید 36 مریض اسپتال داخل کیے گئے۔

ادھر قومی ادارۂ صحت نے ملک بھر کے ڈینگی کیسز پر رپورٹ تیار کر لی ہے جو وزارت قومی صحت کو ارسال کی جائے گی، یہ رپورٹ یکم جنوری تا 15 ستمبر کے اعداد و شمار پر مبنی ہے جس کے مطابق رواں برس کے مجموعی مصدقہ ڈینگی کیسز کی تعداد 7471 ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس سندھ میں 1998 مصدقہ ڈینگی کیسز سامنے آ چکے ہیں، بلوچستان 1722، پنجاب 1706، خیبر پختون خوا 1103، اسلام آباد 876، آزاد کشمیر میں 66 مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

رپورٹ کے مابق بلوچستان کے 2 اضلاع گوادر اور کیچ ڈینگی سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، پنجاب کے 2 اضلاع لاہور اور راولپنڈی زیادہ متاثر ہیں، پشاور اور اسلام آباد بھی ڈینگی سے زیادہ متاثر شہروں میں شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ رواں سیزن کے 90 فی صد ڈینگی کیسز میں علامات ظاہر نہیں ہو رہیں۔