”چڑھتا سورج“ اور شکریہ!

72 تعبيرية پیر 27 فروری‬‮ 3202 - (سپہر 5 بجکر 93 منٹ)

شیئر کریں:

”چڑھتا سورج“ اور شکریہ! پاکستان کے اہم افسانہ نگاروں میں ابوالفضل صدیقی کا نام اس لیے بھی قابلِ ذکر ہے کہ انھوں نے تقسیمِ ہند کے پس منظر میں کئی کہانیاں تخلیق کیں جو ان کے تجربات اور مشاہدات کے ساتھ غیر معمولی نوعیت کی تھیں۔ وہ ایک صاحبِ اسلوب قلم کار اور بہترین مترجم تھے جن کی کئی کتابیں‌ یادگار ہیں۔

یہاں ہم ابوالفضل صدیقی کی ایک دل چسپ تحریر جو ان کی زندگی کی خوش گوار یاد بھی ہے، آپ کے حسنِ مطالعہ کی نذر کررہے ہیں۔ یہ قصّہ انھوں نے اپنی تصنیف ”عہد ساز لوگ“ میں‌ رقم کیا ہے۔ ملاحظہ کیجیے۔

1957ء میں مشہور امریکی ادارہ، پی، ای، این نے ایک مخصوص رقم ایشیائی ممالک کی ہر زبان کے لیے پانچ سال کے بہترین مطبوعہ افسانے پر انعام کے لیے مختص کی۔

دو ہزار روپے پاکستان اور ہزار اُردو کے حصّے میں پڑے۔ مقابلے کا اعلان ہوا۔ ججوں کے نام سنے تو بڑے ہی ثقہ تھے۔ مولوی عبدالحق، پروفیسر مرزا محمد عسکری اور مولانا صلاح الدین احمد۔ چنانچہ میں نے بھی اللہ کا نام لے کر اکھاڑے میں اپنا مطبوعہ ناولٹ ”چڑھتا سورج“ اتار دیا۔

کچھ عرصے بعد اخبارات کے ذریعے پتا چلا کہ بالاتفاق رائے انعام کا حق دار میرا ناولٹ قرار پایا۔ دل میں سوچا کہ مولانا صلاح الدین احمد میرے قدیمی مداحوں اور قدر دانوں میں تھے ہی، یقیناً انھوں نے اپنی رائے تو میرے حق میں دی ہی ہوگی بلکہ ان دونوں بزرگوں کو بھی میرے ناولٹ کے محاسن کی نشان دہی کی ہوگی۔ تقریباً سال بھر بعد میں لاہور گیا، اور حسبِ معمول مولانا سے ملنے پہنچا، پہلے تو منتظر رہا کہ خود ہی کچھ ذکر چھیڑیں، جب ادھر ادھر کی خاصی باتیں ہوئیں تو پھر میں نے ہی لجائے لجائے انداز اور دبے دبے لہجے میں اس بندہ نوازی کو یاد دلاتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

مگر وہ مخصوص میٹھی میٹھی، سریلی سریلی ہنسی ہنستے ہوئے بولے: ”میاں میرا شکریہ مفت میں ادا کررہے ہو، تراشوں کا وہ بنڈل میرے پاس آیا ضرور تھا اور پھر پیہم تقاضے بھی آتے رہے، مگر میں بہت عدیم الفرصت تھا، کھولنے کی بھی نوبت نہ آئی، آخر تابکے، ایک مراسلے کے ذریعے اطلاع ملی کہ مولوی عبدالحق اور پروفیسر مرزا محمد عسکری نے بالاتفاق رائے فیصلہ آپ کے حق میں دے دیا تو پھر جب کثرتِ رائے کا اظہار ہوگیا تو میری رائے اگر ان سے متفق ہوتی تو بھی کارِ فضول تھی اور مخالف ہوتی تو بھی تحصیل لاحاصل۔ ہاں البتہ آپ کے اس مفت کے شکریے کا شکریہ۔