ہمارا فیصلہ نوازشریف کی رضا مندی سے مشروط نہیں ہوگا ، فروغ نسیم

1 تعبيرية بدھ 13 نومبر‬‮ 9102 - (صبح 01 بجکر 81 منٹ)

شیئر کریں:

ہمارا فیصلہ نوازشریف کی رضا مندی سے مشروط نہیں ہوگا ، فروغ نسیم اسلام آباد : وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہمارا فیصلہ نواز شریف کی رضامندی سے مشروط نہیں ہوگا ، ذیلی کمیٹی کا جو فیصلہ ہوگا ہم دے دیں گے ، ہر کیس کے حقائق اور میرٹ مختلف ہوتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر قانون فروغ نسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ذیلی کمیٹی کی سفارشات مرتب کرلی جائیں گی، پہلے ذیلی کمیٹی کا ایک اجلاس میرے گھر ہوچکا ہے، دوسرا اجلاس وزارت قانون میں ہوگا،دوسرےاجلاس میں سیکریٹری داخلہ اور شہزاد اکبر شریک ہوں گے۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ تقریباً3بجے کےقریب پی آئی ڈی میں اپنی سفارشات کااعلان کریں گے، ہمارا فیصلہ نواز شریف کی رضامندی سے مشروط نہیں ہوگا ، ذیلی کمیٹی کا جو فیصلہ ہوگا ہم دے دیں گے۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف کی صحت خراب ہے، ہر کیس کے حقائق اور میرٹ مختلف ہوتے ہیں، سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم آفس بھجوائی جائیں گی۔

خیال رہے حکومت اورمسلم لیگ ن کےدرمیان نوازشریف کا نام ای سی ایل سےنکالنےپرڈیڈلاک برقرار ہے، وزیرقانون فروغ نسیم کی زیرصدارت ذیلی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی شہزاد اکبر، سیکریٹری داخلہ اور عطا تارڑ شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سفارشات پر مشاورت مکمل کرتے ہوئے سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے اور وزیراعظم آفس کو سفارشات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ،کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر مشاورت مکمل

گذشتہ روز وزیرقانون فروغ نسیم کی زیرصدارت کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ کے نمائندے عطا تارڑ اور ڈاکٹر عدنان نے شرکت کی ، انہوں نے صاف منع کیا کہ نوازشریف ضمانتی بانڈز کسی صورت جمع نہیں کرائیں گے، عطا تارڑکا کہنا تھا کہ عدالت میں پہلے ہی زرضمانت جمع کراچکے ہیں۔

بعد ازاں کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے شریف خاندان کے نمائندوں اور نیب کو صبح دس بجے تک کا وقت دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر شریف فیملی اپناموقف تبدیل کرتی ہے تو آگاہ کردے جبکہ ن لیگ کے نمائندے عطا تارڑ کو حتمی مؤقف جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط کی منظوری دے دی گئی تھی، ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو باہر جانے کے لئے سیکیورٹی بانڈز دینا ہوں گے۔